پیر 9 نومبر 2026 - 19:10
نجف اشرف میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان کے زیرِ اہتمام علمی، فکری و تربیتی کنونشن کا انعقاد

حوزہ / علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں علماء و طلاب کے باہمی اتحاد، علمی ترقی اور قومی و ملی ذمہ داریوں پر تاکید کی اور پاکستانی طلاب کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان، نجف اشرف عراق کے زیرِ اہتمام 7 نومبر 2026ء کو مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی نجف اشرف آمد کے موقع پر ایک پروقار علمی، فکری و تربیتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نجف اشرف میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلابِ کرام اور دفتر کے اراکین نے شرکت کی۔

دفتر آمد پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کے نمائندہ اور مدیر دفتر نجف اشرف حجۃ الاسلام مولانا الشیخ مجیر محمد میثمی نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں دفتر قائد میں خوش آمدید کہا۔

کنونشن کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حجۃ الاسلام مولانا الشیخ حافظ آکاش نجفی نے حاصل کی۔ اس کے بعد نمائندہ قائد و مدیر دفتر نجف اشرف مولانا الشیخ مجیر محمد میثمی نے دفتر کی مجموعی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحۂ عمل پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

نجف اشرف میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان کے زیرِ اہتمام علمی، فکری و تربیتی کنونشن کا انعقاد

انہوں نے نجف اشرف میں مقیم پاکستانی طلابِ کرام کو درپیش علمی، تعلیمی اور دیگر مسائل و مشکلات سے مہمانِ خصوصی کو آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے خصوصی توجہ اور تعاون کی درخواست کی۔

کنونشن کے مہمانِ خصوصی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں حالاتِ حاضرہ، قومی و ملی ذمہ داریوں، علمی و فکری ترقی اور علماء و طلاب کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کی عظیم علمی، دینی اور فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نجف اشرف کی تاریخی و علمی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس سرزمین کی علمی و فکری خدمات کو ایک عظیم انقلاب سے تعبیر کیا اور کہا: حوزہ علمیہ نجف اشرف نے دینی علوم کے فروغ، فکری بالیدگی اور علمی رہنمائی کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں دینی و علمی ترقی، قومی بیداری اور معاشرتی اصلاح کے لیے علماء کرام کے باہمی اتحاد، مشترکہ جدوجہد اور مؤثر کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

نجف اشرف میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان کے زیرِ اہتمام علمی، فکری و تربیتی کنونشن کا انعقاد

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنے اور علمی میدان میں مزید پیش رفت کے لیے تمام علماء اور دینی حلقوں کو باہمی تعاون، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مہمانِ خصوصی نے نجف اشرف میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلابِ کرام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی علمی و تعلیمی ضروریات اور درپیش مسائل کو اہم قرار دیا اور ان کے حل کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف کی جانب سے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں بانی زہراء اکیڈمی اور مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی جانب سے طلابِ کرام میں عیدی کی تقسیم اور دفتر قائد کے ساتھ مسلسل تعاون پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے ساتھ مستقبل میں بھی طلاب کی علمی و تعلیمی ضروریات اور دفتری امور کے سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی گئی۔

دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف کی جانب سے مہمانِ خصوصی کی علمی، فکری اور تربیتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعائے خیر کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha